
اسلام آباد کی سڑکوں کے بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دفاتر، تعلیمی اداروں اور ائیر پورٹ پر جانے والے افراد طویل ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی اپنے مسافروں کو نئی ٹریول ایڈوائزری جاری
راول ڈیم چوک سے فیض آباد دونوں اطراف ٹریفک کے لیے ڈائیورشن دی گئی ہے۔ اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والوں کو پارک روڈ، تر امری چوک، لہتراڑ روڈ اور ایکسپریس ہائی وے کے متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ائیر پورٹ جانے والے شہریوں کو کشمیر چوک اور سری نگر ہائی وے استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
گارڈن فلائی اوور، آئی ایٹ، کھنہ پل اور کورال سے آنے والے تمام راستوں پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ زیرو پوائنٹ اور فیصل ایوانیو کے راستے بھی بند کر دیے ہیں۔ اسلام سے راولپنڈی جانے والوں کو سری نگر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں پر عمل کریں تاکہ مزید مشکلات سے بچا جا سکے۔