معروف صنعتکار شیخ مختار احمد انتقال کر گئے
Sheikh Mukhtar Ahmed death
فائل فوٹو
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد کی معروف کاروباری شخصیت اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے مالک شیخ مختار احمد انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سن کر فیصل آباد کے تجارتی حلقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

واضح رہے کہ مرحوم شیخ مختار احمد ابراہیم فیبرک اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے مالک تھے اور کئی دہائیوں سے فیصل آباد کی ٹیکسٹائل اور مالیاتی صنعت سے وابستہ تھے۔ ان کا شمار پاکستان کے اُن صنعتکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے کاروباری میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور شہر کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

شیخ مختار احمد نہ صرف ایک کامیاب بزنس مین تھے بلکہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بھرپور حصہ لیتے تھے۔ فیصل آباد کے مختلف تعلیمی اور سماجی منصوبوں میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ 10 اکتوبر کو شام 5 بجے بعد از نمازِ عصر بلال مسجد، نیو سول لائنز فیصل آباد میں ادا کی جائے گی، جس میں کاروباری شخصیات، سیاسی رہنما اور شہری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

کاروباری برادری نے شیخ مختار احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔