سابق سینیٹر مشتاق احمد کا اسرائیلی رہائی سے وطن واپسی پر پُرتپاک استقبال
 سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قید سے رہائی پانے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
مشتاق احمد کے ایئرپورٹ پر استقبال کے مناظر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قید سے رہائی پانے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد براستہ اردن وطن واپس پہنچے، ایئرپورٹ پہنچنے پر عوام ان کے استقبال کے لیے اُمڈ آئے، شہریوں نے مشتاق احمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اس موقع پر رہنما جماعت اسلامی مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے مسلسل 30 دن اور 30 راتیں سمندر میں سفر کیا، سفر کے دوران صمود فلوٹیلا پر صیہونی فورسز نے تین بار ڈرون حملہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عرصہ 2 سال سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں، غزہ میں اسرائیلی بربریت کے دوران ہزاروں بچے معذور اور یتیم ہو گئے، سیکڑوں خواتین اوربچے شہید ہوئے، 2 سال سے فلسطین میں ہونے والی نسل کشی ظلم کی انتہا ہے، مسلم ممالک کو مسئلہ فلسطین پر غور کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی بحریہ کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ، درجنوں کارکن گرفتار

یاد رہے کہ غزہ کے مظلوم لوگوں کے لیے امدادی سامان لے کر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں دیگر سماجی کارکنوں کے ہمراہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی موجود تھے۔

اسرائیلی فورسز نے گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل تمام کشتیوں پر قبضہ کر کے ان پر سوار 500 کے قریب افراد کو گرفتار کر لیا تھا، بعدازاں انہیں بدنام زمانہ جیل منتقل کر کے ہراساں کیا گیا اور ان پر کتے بھی چھوڑے گئے۔

ذہن نشین رہے کہ دو روز قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک پیغام کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اسرائیلی قید سے رہائی کی تصدیق کی تھی اور ان کی رہائی کیلئے تعاون کرنے پر اردن حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔