پی ٹی آئی رہنما نعیم پنجوتھا کی عبوری ضمانت خارج
Naeem Panjotha bail cancelled
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نعیم پنجوتھا کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔

عدالت میں 5 اکتوبر 2024ء کے احتجاج کے دوران درج ہونے والے دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ یہ مقدمات تھانہ صدر حسن ابدال میں درج ہیں جن میں نعیم پنجوتھا پر جلاؤ گھیراؤ اور کارِ سرکار میں مداخلت جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عدالت نے یہ فیصلہ مقدمے کی عدم پیروی کے باعث سنایا۔ نعیم پنجوتھا مارچ 2025 سے عبوری ضمانت پر تھے، تاہم آج کی سماعت کے بعد ان کی ضمانت برقرار نہ رہ سکی۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ضمانت خارج ہونے کے بعد نعیم پنجوتھا کو گرفتاری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حلقوں میں اس عدالتی فیصلے پر تشویش پائی جا رہی ہے، پارٹی رہنماؤں نے اسے سیاسی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ 5 اکتوبر کے احتجاج میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس کے نتیجے میں متعدد کارکنان کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد نعیم پنجوتھا کی سیاسی اور قانونی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔