اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس، وزیراعظم کا بھارتی صحافی کو کرارا جواب
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی صحافی کو کرارا جواب دے دیا۔
وزیراعظم بھارتی صحافی کو جواب دے رہے ہیں
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی صحافی کو کرارا جواب دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ہال سے باہر آرہے تھے اس دوران بھارتی نیوز چینل کے صحافی نے ان سے سرحد پار دہشت گردی سے متعلق سوال کیا ۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی صحافی کے سوال پر وزیراعظم رک گئے اور اسے ترکی بہ ترکی جواب دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے کی جانے والی سرحد پار دہشت گردی کو شکست دے رہے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ سال اسی پلیٹ فارم سے خبر دار کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت پر فیصلہ کن اقدام کرے گا، یہ الفاظ سچ ثابت ہوئے جب مئی میں پاکستان کو مشرقی محاذ سے جارحیت کا سامنا کرنا پڑا، غرور میں مبتلا دشمن کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ جیت چکے، تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں: وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا، بھارت نے انسانی المیے سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، بھارت نے شہری علاقوں پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی جانب سے سرحدوں کی سالمیت اور قومی سلامتی کی خلاف ورزی کی گئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کے سات جنگی طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا، بھارت کی جارحیت پر دیاگیا جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جنوبی ایشیا میں تباہ کن جنگ روکنے میں فعال کردار ادا کرنے پر امریکی صدر کے شکرگزار ہیں، صدر ٹرمپ بروقت اور فیصلہ کن مداخلت نہ کرتے تو نتائج ہولناک ہوسکتے تھے۔