
وائٹ ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی صدر سے ملاقات کا ایجنڈا طے پا گیا ہے، ملاقات میں فلسطین اور افغانستان سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی، پاک سعودی دفاعی معاہدہ بھی بات چیت کا حصہ ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دیں گے، ملاقات کے دوران پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور پاک بھارت صورتحال بھی گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات میں شرکت متوقع ہے۔
دوسری طرف نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے عظیم فتح حاصل کی، فیلڈ مارشل نے دنیا کو دکھایا کہ کس طرح جنگیں لڑی جاتی ہیں، پاک فوج نے بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کےڈاکٹر یونس کے ساتھ ملاقات بہترین رہی، بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے، بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف اور سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں اعلیٰ سطح کے تبادلے، دوطرفہ تجارت، تعلیمی تعاون،ثقافتی تبادلے اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔