ناران: ایس ڈو بالا کوٹ غلام جیلانی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد
 محکمہ تعلیم میں 40 برس شاندار خدمات سرانجام دینے والے ایس ڈی او بالاکوٹ غلام جیلانی کے اعزاز میں ایک عظیم اور پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
الوداعی تقریب کے موقع پر لی گئی تصویر
ناران : (سنو نیوز) محکمہ تعلیم میں 40 برس شاندار خدمات سرانجام دینے والے ایس ڈی او بالاکوٹ غلام جیلانی کے اعزاز میں ایک عظیم اور پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ضلع مانسہرہ کے تعلیمی افسران، سیاسی و سماجی رہنما اور اساتذہ کرام کی ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، سابق رکن قومی اسمبلی حاجی صالح محمد خان، ایم پی اے منیر حسین لغمانی اور سابق صوبائی وزیر سید احمد حسین شاہ ،سابق صدر پی ٹی آئی تحصیل بالاکوٹ سید منیر حسین شاہ و دیگر معزز مہمانوں نے غلام جیلانی کی لازوال خدمات پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

شرکائے تقریب نے غلام جیلانی کی تعلیمی میدان میں گرانقدر کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی چار دہائیوں پر محیط پیشہ وارانہ زندگی کے دوران ہمیشہ تعلیم کے فروغ، طلبہ کے معیارِ تعلیم کو بلند کرنے اور اساتذہ کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: صوفی بزرگ پیر وارث شاہؒ کے عرس کا آغاز، شیخوپورہ میں کل تعطیل ہو گی

شرکاء کا کہنا تھا کہ غلام جیلانی کی قیادت میں بالاکوٹ کے تعلیمی ادارے ترقی کی نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوئے، انہوں نے اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے جو نمایاں اور ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا وہ سنہری حروف میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تقریب میں شریک مقررین نے کہا کہ غلام جیلانی جیسے مخلص، دیانتدار اور فرض شناس افسران ہی قوم کا سرمایہ اور محکمہ تعلیم کا اصل وقار ہیں، ان کی شب و روز محنت اور خلوصِ نیت سے کی گئی خدمات نہ صرف بالاکوٹ بلکہ پورے ضلع مانسہرہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کے نقشِ قدم پر چلنا ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔