الخدمت نے سیلاب متاثرین پر ایک ارب 10 کروڑ سے زائد رقم خرچ کردی
 صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈالٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین پر ایک ارب 10 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈالٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین پر ایک ارب 10 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن کی زیر صدارت فلڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای او خبیب بلال نے پاکستان کے 58 اضلاع میں سیلاب متاثرین کیلئے الخدمت کی امدادی سرگرمیوں پرشرکاء کو بریفنگ دی۔

دوران اجلاس ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کی خدمت پر اب تک ایک ارب 10 کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ کر چکے ہیں، پہلے مرحلے میں خیبر پختونخوا،پنجاب اورآزادکشمیر کے کم اضلاع متاثرہوئے لیکن 15اگست سے سوات،بونیر و دیگر علاقوں میں کلاؤڈبرسٹ،بارشوں اوردریاؤں میں سیلابی صورتحال نے خیبرپختونخوا، پنجاب سمیت پورے پاکستان کومتاثرکیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 15اگست کی رات ہی ہنگامی اجلاس کے فوری بعد الخدمت کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے ریسکیوآپریشن شروع کر دیا تھا جو 40دنوں سے مسلسل جاری ہے، اس دوران ایمرجنسی ریسکیو آپریشنز میں 16 ہزار 421 رضاکاروں نے 31 کشتیوں اور 130 مشینری یونٹس کے ذریعے2 ہزار 161 آپریشنز مکمل کرکے 38 ہزار 606 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے 4 لاکھ 24 ہزار 51 فوڈ باکس سیلاب متاثرین میں تقسیم کئے اور 44 ہزار 695 خاندانوں کو فوڈ پیکجز فراہم کیے گئے، متاثرین کیلئے 15خیمہ بستیا ں قائم کی گئیں جن میں 16 ہزار 327 افراد کو کھانا، صاف پانی،میڈیکل کی سہولیات،بچوں کیلئے سکول اور پلے ایریاقائم کئے گئے ہیں جبکہ بعض خیمہ بستیوں میں مساجد اور لائبریری کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے یکم اکتوبر کی ڈیڈ لائن

ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کے شعبے میں 8 موبائل ہیلتھ یونٹس، 767 میڈیکل کیمپس، 60 ایمبولینسز کے ذریعے متاثرین کو صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں جس میں کم وبیش دو لاکھ زخمی اور مریض مستفید ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صاف پانی،سیوریج سمیت تمام انفراسٹرکچرتباہ ہوگیا، الخدمت کے واش پروگرام نے صا ف پانی کی فوری فراہمی کیلئے متاثرین کو 3 لاکھ 59 ہزار 984 پانی کی بوتلیں، 4 ہزار 776 ہائی جین کٹس، 4 ہزار 23 ڈگنٹی کٹس،811 واٹر ٹینکس، 3 ہزار 869 جیری کین فراہم کئے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ 12 موبائل فلٹریشن پلانٹس مسلسل متاثر ہ افراد کو صاف پانی کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں، سیلاب سے متاثر ہ انسانوں کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے جانوروں کے چار ے کیلئے بھی انتظام کیا اور128ٹرک چارہ متاثرہ علاقوں میں موجود جانوروں کو فراہم کیا گیا۔

سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری،نائب صدرسیداحسان اللہ وقاص،سی ای اوخبیب بلال،ڈائریکٹر پروگرام حماداختر، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی، منیجر ڈیزاسٹرمینجمنٹ آصف جمال سمیت دیگرشعبوں کے ذمہ داران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔