بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ
driving license crackdown
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف بڑا فیصلہ کرلیا۔

یکم اکتوبر کے بعد ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور انہیں گرفتار بھی کیا جائے گا۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ٹریفک پولیس کو اس حوالے سے واضح احکامات جاری کر دیے ہیں۔

سرکاری ڈرائیورز کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ان کے دفاتر میں ہی ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ وہ بروقت قانونی تقاضے پورے کرسکیں۔

پالیسی کے مطابق یکم اکتوبر کے بعد ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی صورت میں گاڑیاں اور ڈرائیورز کو تھانے منتقل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور لائسنس حاصل کرنے تک ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹس بھی جاری نہیں ہوں گے۔

اہم بات یہ ہے کہ گرفتار ہونے والے نجی اور سرکاری ڈرائیورز کی شخصی ضمانت بھی نہیں لی جائے گی، جس سے اس فیصلے کی سختی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے واضح کیا کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کا بھی باعث بنتی ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ یکم اکتوبر سے قبل اپنے ڈرائیونگ لائسنس لازمی بنوا لیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں۔