بی آئی ایس پی صارفین کیلئے بینک چارجز مقرر
Benazir Income Support Program
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والے لاکھوں صارفین کیلئے بینک اکاؤنٹس اور رقم نکلوانے سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی۔

رپورٹس کے مطابق آئندہ صارفین کو اپنی رقم نکلواتے وقت 100 سے 200 روپے تک بینک چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ یہ پیش رفت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت کے اجلاس میں سامنے آئی، جس کی صدارت لام علی تالپور نے کی۔

اجلاس میں بی آئی ایس پی صارفین کیلئے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ حکومت نے ایک کروڑ بینک اکاؤنٹس کھولنے کا ہدف مکمل کرلیا ہے، یہ اکاؤنٹس فی الحال غیر فعال ہیں لیکن جیسے ہی صارفین اپنی ادائیگیاں لینے جائیں گے تو یہ اکاؤنٹس فعال ہوجائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا اور صارفین کو بہتر بینکاری سہولت فراہم کرنا ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کمیٹی کو بتایا کہ بی آئی ایس پی کے صارفین اب کسی بھی بینک سے اپنی رقم نکال سکیں گے اور ان کے اکاؤنٹس عام بینک اکاؤنٹس کی طرح تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین اپنی رقم ان اکاؤنٹس میں جمع کرانے اور ملک بھر میں کسی بھی مقام سے ترسیلات وصول کرنے کے بھی اہل ہوں گے۔

اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ بی آئی ایس پی صارفین کی ادائیگی کے عمل میں اب کسی ایجنٹ کا کوئی کردار نہیں ہوگا تاکہ غیر ضروری کٹوتیوں اور کرپشن کو روکا جا سکے۔ رقم نکلوانے پر صرف 100 سے 200 روپے تک کے مقررہ بینک چارجز ہی وصول کیے جائیں گے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اجلاس کے دوران کہا کہ خواتین صارفین کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹس اب بھی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ فی الحال بی آئی ایس پی کے ساتھ چھ بینک کام کر رہے ہیں جبکہ تمام بینکوں کو ون لنک کے پلیٹ فارم پر لانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ اس سے صارفین کو کسی بھی بینک سے باآسانی لین دین کی سہولت حاصل ہوگی۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ وزیراعظم نے 4 ماہ میں ایک کروڑ بینک اکاؤنٹس کھولنے کا ٹاسک دیا تھا جو مکمل کرلیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا کہ آئندہ 6 ماہ میں ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے تمام مراحل بھی مکمل کرلیے جائیں گے، جس سے صارفین کو نہ صرف شفاف بلکہ تیز رفتار سہولت میسر آئے گی۔