
سی پی او ملتان نے بتایا کہ دریائے ستلج کا پانی تیز بہاؤ کے ساتھ دریائے چناب کی طرف جا رہا ہے، جس نے موٹروے کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے شگاف میں بڑے بڑے پتھر ڈالنے کا کام جاری ہے تاکہ مزید تباہی کو روکا جا سکے۔ تاہم صورت حال پر قابو پانے میں ابھی وقت لگ سکتا ہے۔ ان کے مطابق ملتان سے جھانگڑہ تک موٹروے مسلسل آٹھویں روز بھی بند ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر موجود ہے اور ریسکیو و بحالی کے کام میں مصروف ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم 5 کو سیلابی صورت حال کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ ملتان سے سکھر جانے والے مسافر شاہ شمس انٹرچینج کے ذریعے قومی شاہراہ پر جا سکتے ہیں اور اوچ شریف انٹرچینج سے دوبارہ موٹروے ایم 5 پر سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح سکھر سے ملتان آنے والے مسافر اوچ شریف انٹرچینج سے قومی شاہراہ پر آ سکتے ہیں اور شیر شاہ انٹرچینج کے ذریعے دوبارہ ایم 5 سے منسلک ہو سکتے ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے روڈ کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں اور ممکن ہو تو غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔