
خاندانی ذرائع کے مطابق جنید انور چودھری کی والدہ کچھ عرصہ سے علیل تھیں جو آج خالق حقیقی سے جا ملیں، مرحومہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کمیٹی باغ جھنگ روڈ پر بعد نماز عصر ادا کی گئی جس میں اہلخانہ، عزیز و اقارب، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور بلند درجات کیلئے دعا کی اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ والدہ کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چودھری کو ٹیلیفون کیا اور ان سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے محمد جنید انوار چودھری کی والدہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
وزیر اعظم نے گفتگو میں کہا کہ والدہ کی وفات ایک ناقابل بیان غم ہے، جن کی جگہ کوئی پُر نہیں کر سکتا۔
محمد شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی محمد جنید انوار چودھری کی والدہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور تمام لواحقین کو اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق اور حوصلہ دے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار سے ٹیلیفونک رابط کیا اور ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، اسپیکر سردار ایاز صادق نے محمد جنید انوار کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔