بینظیر انکم سپورٹ کے نئے پروگرام میں شمولیت کا طریقہ کار کیا؟
Benazir Nashonuma Program 2025
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت ملک بھر میں نیا ’بینظیر نشوونما پروگرام‘ شروع کر دیا گیا،جس میں شمولیت کیلئے اہلیت کی شرائط اور اندراج کا مکمل طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ پروگرام خاص طور پر حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور 2 سال سے کم عمر بچوں کیلئے بنایا گیا ہے، تاکہ غذائی قلت کو کم کیا جا سکے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

خیال رہے کہ پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے خواتین کا پہلے سے بی آئی ایس پی کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔ شمولیت کیلئے حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور وہ بچے جن کی عمر 23 ماہ سے کم ہو، اہل قرار پائیں گے۔

اندراج کیلئے تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتالوں میں نشوونما مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں اہل خواتین اور بچے جا کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے خواتین کے پاس قومی شناختی کارڈ، بچے کا ب فارم اور حفاظتی ٹیکوں کا کارڈ موجود ہونا ضروری ہے۔

پروگرام میں شامل ہونے والی خواتین کو مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ دورانِ حمل ہر سہ ماہی 2500 روپے دیے جائیں گے۔ بیٹے کی پیدائش پر 2500 روپے جبکہ بیٹی کی پیدائش پر 3000 روپے سہ ماہی بنیاد پر (بشمول 500 روپے سفری اخراجات) ادا کیے جائیں گے۔ یہ ادائیگیاں بچے کی عمر 2 سال ہونے تک جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:احساس پروگرام کی رقم کیسے مل سکتی ہے؟

علاوہ ازیں پروگرام کے تحت حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کے ساتھ ساتھ بچوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ نشوونما میں بہتری لائی جا سکے۔

خیال رہے کہ یہ رقم بی آئی ایس پی کفالت پروگرام کے علاوہ دی جائے گی جس سے مستحق خاندانوں پر اضافی بوجھ کم ہوگا۔