
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق ملک بھر میں چاند گرہن 7 ستمبر کی رات ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ چاند گرہن 11 بج کر 57 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا اور پھر آہستہ آہستہ ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔
چاند گرہن کا اختتام رات 1 بج کر 55 منٹ پر ہوگا۔ اس دوران چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ جائے گا اور آسمان پر ایک منفرد اور دلکش منظر تشکیل دے گا۔
سپارکو کے مطابق یہ فلکیاتی واقعہ پاکستان سمیت ایشیا، افریقہ اور یورپ کے کچھ حصوں میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
فلکیات کے شوقین افراد، طلبہ اور عام عوام اس نایاب منظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر لطف اندوز ہو سکیں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ چاند گرہن کو ننگی آنکھ سے دیکھنا بالکل محفوظ ہے، اس کیلئے کسی خصوصی عینک یا آلات کی ضرورت نہیں۔
ادارے نے مزید بتایا کہ اس موقع پر سپارکو اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چاند گرہن کی تصاویر اور تازہ ترین معلومات فراہم کرے گا تاکہ عوام براہِ راست اپڈیٹس حاصل کر سکیں۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موقع فلکیات کے طلبہ کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ وہ قریب سے قدرتی مظاہر کو سمجھنے اور مشاہدہ کرنے کا بہترین موقع پا سکیں گے۔