سی سی ڈی کی عید میلاد النبیﷺ کے حوالے سے زیر گردش ہدایات کی تردید
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے کوئی بھی ہدایات جاری کرنے کی تردید کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے کوئی بھی ہدایات جاری کرنے کی تردید کردی۔

ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کہا کہ سی سی ڈی نے شہریوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی تقاریب کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، اس قسم کی ہدایت جاری کرنا سی سی ڈی کے مینڈیٹ میں شامل نہیں ہے۔

سی سی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی نے شہر میں عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے کوئی بینرز آویزاں نہیں کیے، سی سی ڈی کے حوالے سے جھوٹے بینرز لگانے والوں کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سی سی ڈی صرف اور صرف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر گردش کررہی ہیں جن میں آویزاں کیے گئے بینرز پر سی سی ڈی کا نام لے کر جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع کے حوالے سے ہدایات درج ہیں۔

بینرز پر سی سی ڈی کا نام لے کر لکھا گیا کہ 12 ربیع الاوّل کے مبارک دن کے موقع پر کسی بھی سٹیج ، ٹرالی یا روڈ پر ڈانس ، گانے یا کسی بھی قسم کا لچر پن کیا گیا تو سی سی ڈی پنجاب قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

تاہم سی سی ڈی پنجاب نے ایسے کسی بھی ہدایت نامے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سی سی ڈی کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔