پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع کی مشکلات میں اضافے کا خدشہ
 پنجاب کے سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پنجاب کے سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 سے 9 ستمبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث مری، اسلام آباد ، راولپنڈی ، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور چنیوٹ میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت سیالکوٹ ، نارووال ، شیخوپوره، فیصل آباد اور سرگودھا جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ، رحیم یار خان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب کے پہلے سے متاثرہ علاقوں میں مزید سیلابی صورتحال بن سکتی ہے، این ڈی ایم اے کی ہدایت پر ریسکیو اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کی قریبی آبادیاں محفوظ انخلاء کے راستوں کی نشاندہی رکھیں،قیمتی سامان اور مویشیوں کو اونچے مقامات پر محفوظ کریں،ہنگامی کٹ بشمول خشک خوراک، پانی اور طبی سامان تیار رکھیں، زیر آب سڑکوں اور پلوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سیلابی پانی کی وجہ سے وبائی امراض کے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اپنائیں، کسی بھی ہنگامی صورت میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔