
دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ ایک مرتبہ پھر 3 لاکھ کیوسک سے زائد ہو گیا، گنڈا سنگھ والا کیکر پوسٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 11 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، کیکر پوسٹ پر پانی کی سطح 23.60 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
ستلج میں پانی کی طغیانی سے حفاظتی بند ٹوٹنے کے خدشات پیدا ہو گئے،درجنوں دیہات کے کھیتوں میں پانی بھر گیا، لوگ نقل مکانی کرنے لگے۔
دوسری جانب اوچ شریف میں دریائے ستلج کے سیلابی پانی میں ڈوب کر 5 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، افسوسناک واقعہ موضع ودھنور کے علاقہ کلر والی میں پیش آیا ،5 سالہ سعدیہ گھر کے باہر سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئی ، افسوسناک واقعہ کے بعد ورثاء اشکبار جبکہ علاقہ میں سوگ کا سماں ہے۔
چشتیاں میں بھی دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملحقہ دریائے ستلج کے مقام پر لگایا گیا بستی لودھراں میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا ،پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے پانی بستیوں میں داخل ہونے لگا ۔
پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے بستی سیال کا بند توڑنے پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا، پولیس کے مطابق ایک پارٹی اپنے گھروں کو بچانے کیلئے بند توڑنا چاہتی تھی، بند توڑنے پر دو پارٹیوں میں جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جھگڑے میں ڈنڈوں سوٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ادھر اوکاڑہ میں اٹاری کے مقام پر دریائے ستلج کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا، ریسکیو اور پولیس ٹیموں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔



