سندھ حکومت کی کچے کے ڈاکوؤں کو ہتھیار پھینکنے پر معافی کی پیشکش
سندھ حکومت نے کچے کے علاقے میں سرگرم ڈاکوؤں کو ہتھیار پھینکنے پر معافی کی پیشکش کر دی
سندھ حکومت نے کچے کے علاقے میں سرگرم ڈاکوؤں کو ہتھیار پھینکنے پر معافی کی پیشکش کی/ فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سندھ حکومت نے کچے کے علاقے میں سرگرم ڈاکوؤں کو ہتھیار پھینکنے پر معافی کی پیشکش کر دی۔

صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہتھیار پھینکنے والے ڈاکوؤں کو معافی دینے سے متعلق سنو نیوز سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث کچے کے علاقے میں ڈاکو اگر وہیں ٹھہرے رہے تو یا تو پانی میں ڈوب جائیں گے یا فورسز کی کارروائی میں مارے جائیں گے۔ اس لیے سندھ حکومت نے ان کے لیے راستہ نکالا ہے کہ اگر وہ ہتھیار ڈال کر عام زندگی اختیار کرنا چاہیں تو انہیں معافی اور ریلیف دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل ڈی اے کا بائیکر لین منصوبے کو توسیع نہ دینے کا فیصلہ

اس مقصد کے لیے سندھ حکومت نے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو طریقہ کار طے کرے گی کہ کس طرح ہتھیار پھینکنے والے ڈاکوؤں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ ہتھیار ڈال دیں گے انہیں تحفظ اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ جو ہتھیار نہیں پھینکیں گے انہیں ریاستی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے سیلابی صورتحال نے کچے کے ڈاکوؤں کے لیے بھی خطرات بڑھا دیے ہیں، اور حکومت کی یہ پیشکش انہیں ایک موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنی جانیں بچا سکیں اور جرائم سے دور ہو جائیں۔
فی الحال سندھ حکومت کا یہ اقدام عوامی اور سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بن چکا ہے، اور سب کی نظریں اب اس بات پر ہیں کہ آیا کچے کے ڈاکو اس پیشکش کو قبول کرتے ہیں یا پھر ریاستی طاقت کے ذریعے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔