مفتی طارق مسعود یوٹیوب سے ماہانہ کتنا کماتے ہیں؟
معروف مذہبی سکالر مفتی طارق مسعود نے اپنی ماہانہ یوٹیوب آمدن کے حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) معروف مذہبی سکالر مفتی طارق مسعود نے اپنی ماہانہ یوٹیوب آمدن کے حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔

حال ہی میں مفتی طارق مسعود نے نجی ٹی وی کے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان نے مفتی طارق مسعود سے ان کو یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدن سے متعلق سوال کیا جس انہوں نے کہا کہ یہ مجھے بھی معلوم نہیں کہ یوٹیوب چینل سےکتنی ماہانہ آمدن ہوتی ہے کیونکہ یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدن ڈائریکٹ میرے پاس نہیں آتی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے یوٹیوب چینل کو امریکا میں موجود ایک کمپنی چلا رہی ہے، چینل بھی اس کمپنی نے ہی بنایا تھا، چینل سے حاصل ہونے والی مکمل رقم بھی کمپنی کےپاس ہی جاتی ہے، کمپنی مجھے جتنا بھی ماہانہ بھیج دے میں صبر شکر کر کے رکھ لیتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 2 میجرز سمیت 5 جوان شہید

مفتی طارق مسعود کا کہنا تھا کہ میں نے کمپنی سے کبھی استفسار نہیں کیا کہ مجھے حساب دیں، جو مل جائے میں کھا لیتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدن سے میں کچھ رقم صدقہ کر دیتا ہوں کیونکہ چینل پر بعض اوقات ایسے اشتہارات آجاتے ہیں جو نامناسب ہوتے ہیں جس وجہ سے حرام کی آمیزش کا خدشہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف یوٹیوب سے ہی مجھے آمدن نہیں ہوتی، جامعۃ الرشید سے بھی مجھے اچھی تنخواہ ملتی ہے، مسجد سے بھی ماہانہ مل جاتا ہے، اس کے علاوہ میرا اپنا کاروبار بھی ہے، میرا شہد کا بھی کاروبار تھا جو فی الحال میں نے بند کر دیا ہے۔