
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تھکداس کنٹونمنٹ سے 12 کلومیٹر کے فاصلے پر پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کریش ہوا ،ہیلی کاپٹر کو حادثہ صبح 10 بجے کے قریب ہودور گانوں کے قریب پیش آیا ۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل کریش ہو گیا جبکہ عملے نے جام شہادت نوش کیا ، شہداء میں میجر عاطف (پائلٹ اِن کمانڈ) ،میجر فیصل (کو پائلٹ) ،نائیک سبحان مقبول (فلائٹ انجینئر) نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار جہانگیر (کریو چیف) اور نائیک عامر (کریو چیف) حادثے میں شہید ہو گئے، ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، دورانِ پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ٹریننگ مشنز آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، ٹریننگ مشنز کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا ہے ، تیاریوں کا مقصد آپریشنل سپورٹ سے لے کر آفات کے دوران انسانی امداد کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاک فوج ہر طرح کے حالات میں آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقے تھک داس چھاؤنی کے قریب آرمی ایوی ایشن کے تربیتی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا اور میجر عاطف، میجر فیصل ، فلائٹ انجینئر مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک امیر کے بلندی درجات کی دعا کی۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں: وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈ نگ کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میجر عاطف، میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا شہداء کو خراج عقیدت
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہار افسوس اورپائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان کی شہادت پر اظہار رنج و غم کیا ، انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور بلند درجات کی دعا کی۔
نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی آرمی ایوی ایشن کے تربیتی ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے میجر عاطف، میجر فیصل، نائیک سبحان مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ شہداء کی بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا گو ہوں، دعا ہے اللہ تعالٰی دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کو صبر واستقامت عطا کریں۔



