سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں 5 ستمبر تک تعلیمی سرگرمیاں معطل
 سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔
فائل فوٹو
سیالکوٹ، رحیم یارخان: (سنو نیوز) سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔

کمشنر سیالکوٹ نے ضلع بھر میں تمام سرکاری و پرائیویٹ کالجز اور یونیورسٹیز بھی یکم سے 5 ستمبر تک بند رہنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گزشتہ روز صرف سکولوں میں 5 ستمبر تک کلاسز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی کا فیصلہ دریائے چناب اور ملحقہ نالوں میں سیلاب کے خدشات اور موجودہ بارشوں کے پیش نظر کیا گیا ہے،بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے ٹرانسپورٹ روٹس میں رکاوٹ آئی ہے۔

کمشنر سیالکوٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ سٹوڈنٹس، اساتذہ اور سٹاف کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے،کلاسز کی معطلی پی ڈی ایم اے کی سیلابی وارننگ کے مراسلہ 31 اگست کی روشنی میں کی گئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں تعلیمی سرگرمیوں کا یکم ستمبر سے آغاز، نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب رحیم یار خان میں ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے 56 سرکاری سکولوں میں 5 روز کے لیے تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں، ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی جانب سے سکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رحیم یارخان اور خانپور تحصیل کے 3،3 جبکہ تحصیل صادق آباد اور لیاقت پور کے 25،25 سکولوں کو 5 روز کیلئے بند کیا گیا ہے، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بندش کا فیصلہ بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مواضعات کے سکول یکم تا 5 ستمبر بند رہیں گے۔