عمران خان اور اہلیہ کیخلاف توشہ خانہ کیس کی کل ہونیوالی سماعت مؤخر
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی کل ہونے والی سماعت مؤخر کردی گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی : (ویب ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی کل ہونے والی سماعت مؤخر کردی گئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں مقرر تھی۔

ذرائع کے مطابق عدالتی عملے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا،عدالتی عملے نے پراسیکیوشن کو بھی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت مؤخر ہونے سے متعلق بتادیا ۔

پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری کے مطابق آئندہ سماعت سے متعلق وکلاء کو کل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد سے آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں کل تک ملتوی کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار کے وکلاء اپنے دلائل مکمل طور پر پیش کریں۔

یہ درخواست عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے وکلاء فیصل ملک، خالد یوسف چودھری اور تابش فاروق کے ذریعے دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آنکھوں میں دباؤ اور دھندلا دیکھنے کی شکایت کی تھی، لہٰذا ان کے مکمل طبی معائنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے خصوصی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کے ذاتی معالجین کو بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ بنایا جائے جبکہ ڈاکٹر فیصل اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سربراہ امراض چشم پروفیسر فواد احمد پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے۔