
سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنیں،بشریٰ بی بی کی بھابھی اوربیٹی کمرہ عدالت میں موجود تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ اور سینیٹر علی ظفر ،ظہیر عباس چودھری،عثمان گل، خالد یوسف،تابش فاروق،مبشر مقصود اعوان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
بانی کے وکیل قوسین فیصل کے عدالت تاخیر سے آنے پر فاضل عدالت کے جج نے ان کی سرزنش کر دی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ 10 بجے کی عدالت لگی ہے اور آپ 2 بجے عدالت پہنچے ہیں، آپ سابق وزیر اعظم کے وکیل ہیں، آئندہ وقت کی پابندی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیشرفت
سماعت کے دوران مقدمہ میں گیارہویں گواہ اے ڈی نیب آفتاب حسین پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل نے اپنی جرح مکمل کر لی، بارہویں گواہ کسٹم اپریزر رابعہ صمد کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا جبکہ تیرہویں گواہ نیب یو ڈی سی حسنین مرتضی کا بیان غیر ضروری جان کر ترک کر دیا گیا۔
بعدازاں عدالت نے استغاثہ گواہ کسٹم اپریزر ثناء جاوید کو طلب کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ مقدمہ میں مجموعی طور پر 12گواہان کی شہادت قلمبند جبکہ 11پر جرح کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔