
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کی اگست 2025 کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی دو دن کی بنیادی تنخواہ کاٹی جائے گی، جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین سے ایک دن کی بنیادی تنخواہ کٹوتی کی صورت میں لی جائے گی۔ اس فیصلے کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین پر ہوگا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام سیلاب متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ ان فنڈز کو عارضی رہائش، خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی اور انفراسٹرکچر کی مرمت کیلئے بھی یہی فنڈ استعمال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:خواتین مفت الیکٹرک موٹرسائیکل کیلئے اپلائی کریں
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور طغیانی نے نہ صرف انسانی جانیں نگل لی ہیں بلکہ مکانات، کھیت، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی بری طرح سے نقصان پہنچایا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے اور طویل مدتی بحالی کیلئے بھاری فنڈز کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے حکومت کے اس فیصلے کو متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیا گیا ہے، تاہم کچھ ملازمین نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو متبادل ذرائع سے بھی فنڈز اکٹھے کرنے چاہییں تاکہ سرکاری ملازمین پر بوجھ کم ڈالا جا سکے۔
خیال رہے کہ اس فیصلے سے قلیل مدت میں خاطر خواہ فنڈز اکٹھے ہوں گے جن سے ریلیف سرگرمیوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جاسکے گا۔