
پارٹی ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کی مشاورت کے بعد یہ نام فائنل کرکے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھجوائے گئے ہیں تاکہ وہ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان آئندہ اپنے وکلاء یا اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ان ناموں پر مشاورت کے بعد اپوزیشن لیڈر کیلئے حتمی نام تجویز کریں گے۔
سیاسی کمیٹی کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں میں معین ریاض قریشی، علی امتیاز وڑائچ، اعجاز شفیع، شیخ امتیاز اور رانا شہباز شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کا مؤقف ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب سے نہ صرف اپوزیشن بینچوں پر پارٹی کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے گی بلکہ حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور جواب دینے کیلئے بھی حکمت عملی وضع کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا اپنے ہی عہدیداران کیخلاف کارروائی کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کوشش کر رہی ہے کہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے قبل اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل کردیا جائے تاکہ اسمبلی میں بھرپور کردار ادا کیا جاسکے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا انتخاب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیلئے ایک بڑا سیاسی فیصلہ ہوگا، جو نہ صرف ایوان کے اندر بلکہ مستقبل کی سیاسی سمت کے تعین میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔