پی ٹی آئی کا اپنے ہی عہدیداران کیخلاف کارروائی کا اعلان
PTI disciplinary action
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی ضمانت کے موقع پر غیر حاضر رہنے والے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

 پارٹی ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب عالیہ حمزہ کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے، جن میں واضح کیا گیا کہ 21 اگست کو اڈیالہ جیل اور سپریم کورٹ میں پارٹی ہدایات کے باوجود متعدد اراکین موجود نہیں تھے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ تمام غیر حاضر اراکین 24 گھنٹوں کے اندر اپنی تحریری وضاحت جمع کرائیں۔

عالیہ حمزہ نے خبردار کیا کہ اگر وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو تنظیمی ڈھانچے کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر یہ بھی واضح کیا گیا کہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقدمات کے دوران پارٹی ٹکٹ ہولڈرز، اسٹیک ہولڈرز اور عہدیداران کی موجودگی لازمی قرار دی گئی تھی تاکہ قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ عمران خان کے قانونی معاملات میں عدم موجودگی سنگین غفلت کے مترادف ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت مؤخر

 

 

 

پی ٹی آئی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اعلیٰ قیادت ان اراکین کی فہرست مرتب کر رہی ہے جو مسلسل غیر حاضر ہیں، امکان ہے کہ آئندہ انتخابی ٹکٹوں اور تنظیمی عہدوں میں بھی ان کی پوزیشن متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی یہ سخت حکمتِ عملی پارٹی کے اندر نظم و ضبط قائم رکھنے اور قیادت کے ساتھ عملی یکجہتی کو یقینی بنانے کی ایک کوشش ہے۔