
اس حوالے سے ترجمان پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ صاحب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں شہریوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید بارشوں ا ور ممکنہ سیلابی صورت کا نیا الرٹ جاری
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں، نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 یا قریبی ریسکیو ادارے سے فوری رابطہ کریں۔