
وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ تعداد سرکاری اسکیم کے تحت دستیاب نشستوں کے ایک بڑے حصے کو ظاہر کرتی ہے۔ بقیہ نشستوں کے لیے درخواستوں کی وصولی 16 اگست تک جاری رہے گی۔ تاہم، اگر اس تاریخ سے پہلے دستیاب نشستیں مکمل ہو جاتی ہیں تو درخواستوں کی وصولی فوراً روک دی جائے گی۔
سرکاری حج سکیم میں اس سال عازمین کے لیے دو طرح کے پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں: ایک 40 روزہ لانگ پیکیج اور دوسرا 25 روزہ شارٹ پیکیج، تاکہ حاجیوں کو اپنی سہولت اور وقت کے مطابق انتخاب کا موقع مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حج درخواستوں کی وصولی 16 اگست تک جاری رہے گی: وزارت مذہبی امور
درخواست گزاروں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ درخواست جمع کراتے وقت پیکیج کے مطابق پہلی قسط بینک میں جمع کرائیں، جو لانگ پیکیج کے لیے 5 لاکھ روپے اور شارٹ پیکیج کے لیے ساڑھے 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ ابتدائی قسط درخواست کے ساتھ جمع کرانا ضروری ہے تاکہ نشست کی بکنگ یقینی بنائی جا سکے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی، جس کی ادائیگی کے بعد عازمین کا سفر مکمل طور پر کنفرم ہو جائے گا۔ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ حاجیوں کو مالی طور پر تیاری کرنے کا مناسب وقت مل سکے اور وہ یکم نومبر تک اپنی ادائیگی مکمل کر سکیں۔
حج درخواستیں جمع کرانے کا عمل نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے بھی کھلا ہے۔ ایسے افراد جو پاکستانی پاسپورٹ رکھتے ہیں، وہ بھی اس سکیم کے تحت حج کی درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ تمام مطلوبہ شرائط پوری کرتے ہوں۔