
صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندرحیات نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں بتایا کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ فیصلے کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں میں 31 اگست تک چھٹیوں میں توسیع کی گئی ہے، صوبہ بھر میں تعلیمی اداراے یکم ستمبر سے دوبارہ کھلیں گے۔
علاوہ ازیں سیکرٹری سکول پنجاب خالد نذیر وٹو نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ صوبہ بھر میں نجی و سرکاری اسکول یکم ستمبر کو کھلیں گے، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی توسیع سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ بھر میں گرمی کی شدید لہر کے باعث 28 مئی سے 14 اگست تک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جبکہ 15 اگست سے سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہونا تھا۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہو گئی ہیں، دونوں صوبوں میں تعلیمی ادارے یکم اگست سے دوبارہ کھل چکے ہیں، جس کے ساتھ ہی سندھ اور بلوچستان میں تدریسی عمل کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔