خواجہ آصف کا سرکاری اہلکاروں پر پرتگال میں جائیدادیں خریدنے کا الزام
Khawaja Asif
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) :وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیوروکریسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کئی اعلیٰ سرکاری اہلکار پرتگال میں جائیدادیں خرید رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی آدھی سے زائد بیوروکریٹس پرتگال میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ وہ طویل مدتی حکمت عملی کے تحت بیرون ملک ہجرت کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہلکار ناجائز ذرائع سے حاصل کیے گئے پیسوں کی بدولت بیرون ملک آرام دہ ریٹائرمنٹ گزارنے کے منصوبہ بنا رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ ایک بیوروکریٹ، جو سابق پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے بہت قریب ہے، اپنی بیٹی کی شادی میں ایک ہی تقریب میں حیرت انگیز طور پر 4 ارب روپے کی سلامی وصول کر چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کا فیصلہ

مزیدبرآں خواجہ آصف نے بیوروکریٹس کے رویے کا موازنہ سیاستدانوں سے کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریٹس غیر قانونی منافع کا سب سے بڑا حصہ اٹھاتے ہیں جبکہ ملک کے مسائل کا الزام سیاستدانوں پر ڈالا جاتا ہے۔ ان کے بقول، سیاستدانوں کو صرف وہی ملتا ہے جو بچتا ہے اور پھر انہیں ہر چیز کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ زیادہ تر سیاستدانوں کے پاس بیرون ملک جائیدادیں یا غیر ملکی شہریت نہیں ہوتی کیونکہ انہیں عوام کے سامنے جوابدہ رہنا پڑتا ہے اور انہیں عہدے کے لیے انتخاب لڑنا ہوتا ہے۔

خواجہ آصف نے ایسے بیوروکریٹس کے اقدامات کو شرمناک" قرار دیا اور ان پر بھی کا الزام لگایا۔

واضح رہے کہ خواجہ آصف کے بیانات سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا باعث بنے ہیں، جہاں لوگ اعلیٰ سرکاری افسران کی نگرانی کے لیے وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔