پی ٹی آئی نے احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لیں
PTI protest August 5
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے اور بھرپور احتجاج کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ احتجاج بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پنجاب بھر میں احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی، تاہم کسی ایک مخصوص مقام پر اجتماع کے بجائے تمام حلقوں میں علیحدہ علیحدہ احتجاج کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تمام ٹکٹ ہولڈرز، تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کو بھرپور احتجاج کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ لاہور کے تمام حلقوں میں احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، 5 اگست کو مختلف علاقوں میں بھرپور عوامی ردعمل دیکھنے کو ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا 5 اگست کی احتجاجی تحریک میں اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ

پارٹی رہنماؤں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ احتجاج پُرامن ہوگا، مگر ملک بھر میں اس کی گونج سنائی دے گی،عمران خان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، اس کیخلاف آواز بلند کرنا ہر کارکن کا فرض ہے۔

دوسری جانب سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ 5 اگست کا دن ملک میں سیاسی حدت میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔