
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے 5 اگست کی احتجاجی تحریک کے حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی ہے، اسلام آباد جانے کے بجائے ہر ضلع میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ 5 اگست کو خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حیات آباد ٹال پلازہ سے قلعہ بالا حصار تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق احتجاجی ریلی کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہو گا جو رات تک جاری رہے گی، ریلی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان اور تحریک انصاف کے رہنما شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا 5 اگست کو احتجاجی شو، انتظامات مکمل
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوابی میں کارکنان امبار انٹر چینج پر اکٹھے ہوں گے اور بانی پی ٹی آئی کی قید کے اپنا ایک روزہ احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، صوابی میں احتجاجی ریلی کا آغاز ساڑھے 3 بجے ہو گا اور احتجاج عشاء کی نماز تک جاری رہے گا۔
اسی طرح نوشہرہ کے کارکنان خیر آباد، نوشہرہ میں جمع ہوں گے اور ایک روزہ احتجاج کریں گے، تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز اپنے مقرر کردہ مقامات سے اپنے جلسوں کی ویڈیو بنائیں گے اور ریجنل تنظیم میں بھیجیں گے جو آگے ضلعی تنظیم کو جمع کرائیں گے۔