
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے واضح کیا کہ پیٹرن انچیف پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کے بیٹوں کا نائیکوپ گم ہو گیا ہے تو دوبارہ دینے میں حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں ہے، قاسم اور سلیمان اگر ویزے کی درخواست دیتے ہیں تو انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزہ بھی دیا جائے گا، ہمیں عمران خان کے بچوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ قاسم اور سلیمان کے والد امریکی غلامی سے آزادی دلوانے کے نعرے لگایا کرتے تھے اور بچوں کا مؤقف ہے کہ وہ امریکی صدر کی مدد سے والد کو آزادی دلائیں گے ان دونوں میں تضاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: والد کی رہائی، عمران خان کے بیٹوں نے ٹرمپ سے امید لگالی
طلا ل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت شروع دن سے ہی قومی معاملات پر مذاکرات کی حامی رہی ہے، ہم قومی ایشوز پر بات چیت کی کئی مرتبہ کوشش کر چکے ہیں لیکن تحریک انصاف اس میں سنجیدہ نہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کے دونوں بیٹوں نے پاکستان آنے کے لیے ویزہ کی درخواست دے رکھی ہے، قاسم اور سلیمان نے ویزہ کے حصول کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رجوع کیا جس کی تصدیق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی کی ہے۔