بنوں: قتل کا قیدی میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن لے اڑا
 بنوں کی سینٹرل جیل کے قیدی نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
فائل فوٹو
بنوں: (سنو نیوز) بنوں کی سینٹرل جیل کے قیدی نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے تعلیمی بورڈ کی جانب سے میٹرک کے سالنہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، بنوں میٹرک بورڈ کے امتحانات میں سینٹرل جیل کے قیدی دل دراز خان نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

بنوں جیل کے قیدی دل دراز خان نے تعلیمی بورڈ بنوں میں پرائیویٹ امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور 1200میں سے 1005 نمبر حاصل کر کے بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی، اس شاندار کامیابی نے نہ صرف جیل انتظامیہ بلکہ تعلیمی حلقوں کو بھی حیران کر دیا۔

دل دراز خان اس وقت قتل کے ایک مقدمے میں سزا کاٹ رہا ہے اور سینٹرل جیل بنوں میں قید ہے، دل دراز خان کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ قید کے باوجود بھی محنت، عزم اور تعلیم کے ذریعے اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سی ایس ایس امتحانات 2026 کا شیڈول جاری

بنوں تعلیمی بورڈ میں لکی مروت کے سکول اور کیڈٹ کالج رزمک نمایاں رہے جبکہ ضلع کا کوئی سرکاری اور پرائیویٹ سکول نمایاں پوزیشن حاصل نہ کرسکا۔

دل دراز خان کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے مختلف سماجی حلقوں نے کہا کہ اصلاحی نظامِ جیل کا یہ ایک مثبت نتیجہ ہے اور حکومت کو قیدیوں کی تعلیم کے مواقع مزید بڑھانے چاہئیں تاکہ وہ معاشرے میں باعزت مقام حاصل کر سکیں۔