سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی گرفتار
 رہنما تحریک انصاف و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لے لیا گیا۔
فائل فوٹو
مظفرآباد: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو سماہنی کے علاقے سے حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عبدالقیوم نیازی کو بھمبر کےقریب سماہنی کے علاقے میں احتجاجی ریلی سے خطاب کے لیے پہنچنے پر حراست میں لیا گیا ۔

پولیس کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی پر 11 سے زائد مقدمات درج ہیں اور انہیں میرپور منتقل کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

یہ بھی واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے 2 روز قبل 9 مئی کے مقدمات میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل اور صاحبزادہ حامد رضا کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

علاوہ ازیں اسی مقدمہ میں نامزد دیگر درجنوں رہنماؤں اور کارکنان کو بھی مختلف مدت کی سزائیں دی گئی تھیں، کیس میں مجموعی طور پر 185 افراد نامزد تھے جن میں سے 108 کو قصوروار قرار دیا گیا تھا۔