
پنجاب میں محکمہ ہاؤسنگ کی ہدایت پر نوسموکنگ زون کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، لاہور کے پارکس میں "نو سموکنگ" کے سائن بورڈز کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت تمام عوامی پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دیا گیا ہے اور اسی تناظر میں پی ایچ اے کی جانب سے پارکس میں تمباکونوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایچ اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارکس میں تمباکونوشی کرنے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا، تمباکونوشی آرڈیننس 2002 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون کا چھٹا طاقتور اسپیل، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کو صحت بخش ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر کے باغات کو نو سموکنگ زون قرار دیا گیا تھا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پارکس میں سگریٹ، ای سگریٹ، ویپ اور تمباکو سے بنی مصنوعات کی فروخت اور استعمال پر مکمل طورپر پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں ٹک شاپس، کیفیز اور پارکس میں موجود وینڈنگ پوائنٹس پر بھی سگریٹ کی فروخت ممنوع قرار دی گئی تھی۔