
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نئے مون سون سسٹم کے ساتھ مغربی ہوائیں بھی شامل ہو رہی ہیں، جس سے 4 سے 7 اگست کے دوران پنجاب کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور اوکاڑہ میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ 5 اگست کو ڈی جی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال چیک کریں، ندی نالوں سے دور رہیں اور ایمرجنسی میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔