
حکومتِ پاکستان نے غیررجسٹرڈ عازمین حج سے بھی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا۔یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کوٹہ مکمل نہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حج 2026 کیلئے اب تک ساڑھے چار لاکھ افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے، مگر سوا لاکھ کے قریب حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت مذہبی امور نے غیر رجسٹرڈ افراد کو بھی حج درخواستیں جمع کروانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
رجسٹرڈ افراد کیلئے حج درخواستوں کی وصولی 4 سے 9 اگست 2025 تک جاری رہے گی، جبکہ غیررجسٹرڈ عازمین 11 سے 16 اگست 2025 کے درمیان اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ایئرپورٹ کا بین الاقوامی سطح پر بڑا ایوارڈ
واضح رہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت یہ سہولت ایسے افراد کیلئے ایک سنہری موقع ہے جو ابتدائی رجسٹریشن سے کسی وجہ سے محروم رہ گئے تھے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے کہ حج کوٹہ مکمل طور پر استعمال ہو اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی شہری فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں۔
عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر ہی درخواستیں جمع کرا کر اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔