
یہ اعلان ان کی بہن علیمہ خان نے ہفتہ کے روز اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علیمہ خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیا جائے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکانِ پارلیمنٹ کی نااہلی غیرقانونی اور غیرآئینی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بائیکاٹ کے ذریعے ناانصافی کیخلاف پارٹی کے مؤقف کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس موقع پر عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو پیغام دیا کہ باجوڑ اور سابق فاٹا میں کسی بھی قسم کا آپریشن نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا 5 اگست کو احتجاجی شو، انتظامات مکمل
انہوں نے کہا کہ فوج ملک کا ایک قیمتی ادارہ ہے اور عوام و فوج کو آمنے سامنے نہیں آنا چاہیے، تمام مسائل کا حل بات چیت سے ممکن ہے۔
دوسری جانب عمران خان نے 5 اگست کو احتجاجی تحریک کے آغاز کا دن قرار دیا جبکہ 14 اگست کو یومِ آزادی کی اہمیت پر زور دیا اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ جشن آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اس فیصلے سے سیاسی ماحول میں نئی بحث چھڑ گئی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے بڑے اثرات متوقع ہیں۔