سابق وفاقی وزیر کیخلاف موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ سیشن کورٹ منتقل

فائل فوٹو
August, 2 2025
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی کیخلاف موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ ڈوکری کی عدالت سے سیشن کورٹ منتقل کر دیا گیا۔
سیشن جج نے کیس کی سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج کو نامزد کرتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔
مرتضیٰ جتوئی کے مطابق اُن کیخلاف یہ مقدمہ سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے، جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے داخل کروایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کیخلاف مجموعی طور پر 13 جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں موٹر سائیکل چوری، پیٹرول پمپ سے تین ہزار روپے کی مبینہ ڈکیتی اور بکری چوری جیسے الزامات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:26 نومبر احتجاج کیس، مسلسل غیرحاضری پر ملزمان اشتہاری قرار
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2008 سے سندھ میں ایک منظم سیاسی مافیا کی شکل اختیار کر چکی ہے، جو سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
عدالت میں کیس کی آئندہ سماعت اب 18 اگست کو ہو گی، جس میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔