26 نومبر احتجاج کیس، مسلسل غیرحاضری پر ملزمان اشتہاری قرار
PTI protest case
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج کے کیسز میں غیرحاضر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد کارکنان کو عدالت نے مسلسل غیرحاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔

ڈیوٹی جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنان کیخلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن، تھانہ کھنہ اور تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات کی سماعت کی۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن کیس میں کوئی بھی ملزم پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

تھانہ کھنہ کے کیس میں 22 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جن کی حاضری لگانے کے بعد سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ تھانہ آبپارہ کیس میں 21 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جنہیں چالان کی نقول فراہم کر دی گئیں، اس مقدمے کی سماعت اب 4 ستمبر کو ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:اعجاز چودھری کی اہلیہ یا بیٹے کو سینیٹ ٹکٹ دینے پر مشاورت

واضح رہے کہ 26 نومبر احتجاج کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنان پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، جن پر عدالتی کارروائیاں جاری ہیں۔ان مقدمات میں پاکستان تحریک انمصاف کی سینئر قیادت بھی نامزد ہے،جن کیخلاف الزام ہے کہ انہوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی۔