مریم نواز کا پنجاب کی خواتین کو بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت پر خراجِ تحسین
Maryam Nawaz
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی بہادر خواتین کو بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی بہادر خواتین کو بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت کو خطے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں وزیراعلیٰ نے لکھا کہ بااختیار اور باوقار... جنوبی پنجاب۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے نو منتخب خواتین اہلکاروں کو مبارکباد بھی دی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سے تعلق رکھنے والی 53 باہمت خواتین نے بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت اختیار کی ہے جس سے برسوں پرانی سماجی رکاوٹوں کو توڑا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ جہاں کبھی خواتین کا نام لینا بھی ناممکن سمجھا جاتا تھا، آج وہاں بہادر خواتین وقار اور ہمت کے ساتھ آگے آئی ہیں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہ وردی میں ملبوس بیٹیاں اب محافظ کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ان کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہوں جو پرانی فرسودہ روایات کی زنجیریں توڑ کر آگے بڑھ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعجاز چودھری کی اہلیہ یا بیٹے کو سینیٹ ٹکٹ دینے پر مشاورت

واضح رہے کہ جنوبی پنجاب کے قدامت پسند قبائلی علاقوں میں خواتین کی بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت کو ایک ترقی پسند قدم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ماضی میں خواتین کو عوامی کردار ادا کرنے سے سختی سے روکا جاتا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان خواتین کی شمولیت نہ صرف سیکیورٹی کو مضبوط کرے گی بلکہ دیگر خواتین کو بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شامل ہونے کی ترغیب دے گی۔

یاد رہے کہ مریم نواز نے پنجاب بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات صنفی مساوات، عزت اور سب کے لیے مواقع فراہم کرنے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہیں۔