
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو ملتان گیریژن کے دورہ کے موقع پر سپہ سالار کو کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے پاک فوج کی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے فارمیشن کی اعلیٰ تیاریوں اور پیشہ ورانہ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فتنوں کا انجام وہی ہو گا جو معرکہ حق میں اُن کے آقاؤں کا ہوا: آرمی چیف
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے تعلیمی شعبے اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ایک انٹرایکٹو سیشن میں ملاقات کی۔ آرمی چیف نے قومی یکجہتی، سول-ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے میں پوری قوم کی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں نئے شامل کردہ زی-10 ایم ای ہیلی کاپٹرز کی فائر پاور ڈیمانسٹریشن بھی دیکھی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ آرمی ایوی ایشن کی جدیدیت میں یہ شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے، آرمی ایوی ایشن کی جدیدیت میدان جنگ میں فوری اور فیصلہ کن ردعمل دینے کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے مشترکہ ہتھیاروں کی حکمت عملی کے کامیاب مظاہرے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔