
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 16 ویں بلوچستان نیشنل ورکشاپ میں شرکت کی جہاں سول سوسائٹی، بیوروکریسی، میڈیا تعلیم کے شعبہ سے وابستہ افراد بھی شریک تھے۔ فیڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے قومی یکجہتی اور بلوچستان کی ترقی پر زور دیا۔
اس موقع پر پر آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی اور بلوچستان کی ترقی کے لئے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج پرعزم ہے، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، معرکۂ حق میں شکست کے بعد بھارت کی پراکسی وار میں شدت آئی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کا دورہ چین، سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگرد کسی مذہب، قوم یا فرقے کے نمائندہ نہیں، دہشتگردی کے خلاف قومی سطح پر یکجہتی ناگزیر ہے، پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے، بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی بلوچستان کے عوام کی گہری حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش ہے۔
نشست کے اختتام پر آرمی چیف اور شرکاء کے مابین سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا کے سوالات کے تفصیلی جوابات دئیے۔ فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی کھلی سرپرستی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کھانے کے بعد مذموم عزائم کے لئے پراکسی جنگ کو بڑھا رہا ہے، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار کے مہرے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔