فیلڈ مارشل کا دورہ چین، سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے اپنے حالیہ دورہ چین میں اعلیٰ سطح چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے اپنے حالیہ دورہ چین میں اعلیٰ سطح چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے اپنے حالیہ دورہ چین میں اعلیٰ سطح چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات، علاقائی سیکیورٹی، اور اقتصادی تعاون کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب صدر سے خصوصی ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی منظرنامے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق امور بھی زیر غور آئے، اور دونوں رہنماؤں نے سی پیک کو باہمی ترقی اور استحکام کا سنگ میل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

چینی نائب صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر اظہارِ اطمینان کیا گیا، اور سیاسی، عسکری و اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات کے دوران خطے میں امن، ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک نے قریبی تعاون پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے خطے میں امن و استحکام کے لیے ادا کیے گئے کردار کی بھرپور تعریف کی۔ چین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی کوششیں خطے کے پرامن مستقبل کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا کہ خطے میں کسی بھی قسم کے عدم استحکام سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، خاص طور پر سی پیک جیسے بڑے منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی۔