سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، میجر اور سپاہی شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ میجر اور سپاہی شہید ہو گئے۔
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ میجر اور سپاہی شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے تین دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے،بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر زیاد سلیم شہید ہو گئے، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نظام حسین نے بھی جام شہادت نوش کیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے، شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین نے جوانمردی سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین نے قیمتی جانیں وطن پر نچھاور کیں اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ شہید میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں،شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے،شہدائے وطن نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اورپوری قوم کو شہداء کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔