
موٹروے پولیس نے کوئٹہ میں باقاعدہ طور پر ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے شہریوں کیلئے بڑی سہولت فراہم کر دی ہے۔
یہ اتھارٹی اسلام آباد اور شیخوپورہ کے بعد موٹروے پولیس کے تحت قائم ہونے والی تیسری ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی ہے، جہاں مقامی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) موٹروے پولیس اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں اس منصوبے پر دو سال قبل کام شروع کیا گیا تھا اور گزشتہ سال اتھارٹی نے باضابطہ طور پر اپنا کام شروع کیا۔ اب تک 2,000 سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔
ڈی آئی جی کے مطابق کہ لائسنس کے اجرا کیلئے ایک مکمل اور جدید ٹیسٹنگ سسٹم موجود ہے، جو امیدواروں کی مہارت کو جانچنے کے بعد فوری نتائج فراہم کرتا ہے۔ جو امیدوار مطلوبہ مہارت کا مظاہرہ کرتا ہے، اسے پہلے ہی دن لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا کی نوکریوں کے لیے اب پاک آئی ڈی موبائل ایپ سےاپلائی کریں
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینا اور ناتجربہ کار ڈرائیوروں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کمی لانا ہے۔
اشفاق احمد نے مزید کہا کہ بلوچستان میں موٹروے پولیس کی ہائی وے فورس کوئٹہ سے قلات اور اوتھل سے حب تک تعینات ہے، مگر صرف 1,000 اہلکار اس وسیع علاقے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نفری بڑھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں تاکہ ٹریفک کی مؤثر نگرانی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔