عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس سماعت کیلئے مقرر
پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

جیل ذرائع کے مطابق سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند صبح 10 بجے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کریں گے، اِس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

کل ہونے والی سماعت میں پراسیکیوشن کی جانب سے مزید گواہان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلاء صفائی ارشد تبریز اور قوسَین مفتی پیش ہونگے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے ذوالفقار نقوی اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں ہونگے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت وکلاء صفائی کی عدم موجودگی کے باعث بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ضمانت منسوخی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مئی کے مقدمات کے خلاف بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی 8 اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کل صبح ساڑھے 9 بجے بانی پی ٹی آئی کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس محمد شفیع صدیقی بھی شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی اپیلیں معروف قانون دان بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی گئی ہیں۔