
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے صوبہ بھر میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی جانب سے درخت لگانے کی مہم شروع کی گئی ہے، ہمارا مقصد پنجاب کا گرین کور بڑھانا ہے، پنجاب کی پہلی سموگ گنز کل میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی، پلانٹ فار پاکستان میں پانچ لاکھ پودے لگانےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے سابق حکومت کی طرح بلین ٹری سونامی کے جھوٹے دعوے نہیں کیے، ہم نے ہر درخت کی مانیٹرنگ کر کے اس کی میپنگ کی ، آسٹریلیاطرزکی جدید ٹیکنالوجی کی انسٹالیشن رواں برس مکمل ہوجائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی بیسڈ فائر کنٹرول فورس بنائی جائےگی، پنجاب بینک اس سارے عمل کی نگرانی کرے گا، ہم نے جنگلات کے رقبے کو قبضے سے چھڑوایا، وزیراعلیٰ کا وژن ہے فاریسٹ کور کو بڑھانا اور اس کی حفاظت بھی یقینی بنانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا تمام یوٹیلیٹی بلز پر کیو آر کوڈ لگانے کا فیصلہ
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ 1399 پر کال کر نے پر پی ایچ اے کی جانب سے پودا گھر پر ڈلیور کیا جاتا ہے، لاہور کے شہریوں کے لئے یہ پودہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تحفہ ہے، لاہور کے شہری 1399 پر فون کریں آپ کا پودہ آپ کے گھر پہنچایا جائے گا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ کے اطراف میں 3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، لاہور میں سموگ کا معاملہ گزشتہ 10 برسوں سے تھا ، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سموگ پر قابو پایا جارہا ہے، 7ایئرکوالٹی مانیٹر ز کی پنجاب ایئرکوالٹی سسٹم میں تنصیب ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے شہریوں کا فرض ہے، زیادہ سےزیادہ درخت لگائیں، زیادہ درخت لگیں گے توایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری آئے گی اور سموگ سے جان چھوٹے گی۔
سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول موٹر بائیکس کو الیکٹرک میں تبدیل کرانے والوں کو پنجاب حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا جبکہ لائٹس کو ایل ای ڈی پرمنتقل کرنے پر کاربن گرین کریڈٹ ملے گا۔