
اب آپ کو نادرا کے دفاتر کے باہر طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں، صرف اپنے موبائل پر چند مراحل مکمل کریں اور نیا یا اپڈیٹ شدہ شناختی کارڈ اپنے گھر پر وصول کریں۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق شہری اب PAK-ID ایپ کے ذریعے اپنی یا اپنے قریبی رشتہ داروں (والدین، شریکِ حیات، بچوں یا بہن بھائیوں) کی معلومات میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔ شرط صرف یہ ہے کہ جس شخص کیلئے آپ درخواست دے رہے ہیں، وہ بائیومیٹرک تصدیق کے وقت موجود ہو۔
ایپ میں سائن اپ کرنے کے بعد Apply for ID کے آپشن پر کلک کریں اور Update Card کا انتخاب کریں۔ ایک فارم کھلے گا جہاں آپ کو Verify Fingerprints پر کلک کر کے فنگر پرنٹس جمع کروانے ہوں گے۔ اس کے بعد آپ موجودہ یا مستقل پتہ درج کریں، جہاں آپ شناختی کارڈ کی ترسیل چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ نادرا نے تین پروسیسنگ آپشنز بھی فراہم کیے ہیں:
ایگزیکٹو: 7 دن میں کارڈ کی ترسیل
ارجنٹ: 12 دن میں ترسیل
نارمل: 30 دن میں ترسیل
ترمیم کے عمل کو شروع کرنے کیلئے + کے بٹن پر کلک کریں اور مطلوبہ معلومات جیسے نام، ازدواجی حیثیت، پتہ وغیرہ کو منتخب کریں۔ پھر لائیو تصویر لیں (پس منظر سفید، چشمہ نہ ہو، اور چہرہ دائرے میں مکمل آئے)۔ اس کے بعد دستخط اپ لوڈ کریں یا موبائل پر خود سے بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ
اگلے مرحلے میں آپ کو ذاتی اور خاندانی معلومات کا جائزہ لینا ہوگا۔ اگر ازدواجی حیثیت تبدیل کرنی ہو توSpouse Details سیکشن میں شریکِ حیات کی تفصیلات درج کریں۔ اسی طرح بچوں یا دیگر رشتہ داروں کی تفصیلات بھی درج کی جا سکتی ہیں۔
اس کے بعد تعلیم، پیشہ، پتہ، اور اگر کوئی معذوری یا آرگن ڈونر معلومات ہو تو وہ بھی شامل کریں (اگر نہیں ہے تو خالی چھوڑ دیں)۔
آخری مراحل میں سے ایک تصديق (Attestation) ہے، جس میں آپ کو خاندان کے کسی فرد کی فنگرپرنٹ کے ذریعے درخواست کی تصدیق کروانی ہوگی۔ پھر مطلوبہ دستاویزات کو صاف تصاویر کی صورت میں اپ لوڈ کریں۔
تمام معلومات کی جانچ کے بعد Submit پر کلک کریں۔ اگر درخواست منظور ہو جائے تو آپ کو Pay Now کا آپشن ملے گا، جس سے آپ JazzCash، Easypaisa، کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ یا e-Sahulat سے فیس ادا کر سکتے ہیں۔
ادائیگی کے بعد شناختی کارڈ منتخب کیے گئے ایڈریس پر طے شدہ وقت میں پہنچا دیا جائے گا۔